مینگلور،13؍جون (ایس او نیوز) کرناٹک کے ساحلی اضلاع بالخصوص دکشن کنڑا، اُڈپی اور اُترکنڑا سمیت ریاست کے دیگر اضلاع میں گذشتہ تین چار دنوں سے موسلادھار بارش جاری ہے جس کے چلتے سبرامنیا سے بینگلورو کی طرف جا رہی چلتی کے ایس آر ٹی سی بس پر ایک بڑا درخت گر نے کے نتیجے میں بس کو شدید نقصان پہنچا لیکن مسافر بال بال بچ گئے۔ واردات مینگلور سے قریب 82 کلو میٹر دور کڈبا میں سبرامنیا - گونڈیا ریاستی ہائی وے پر اتوار کو پیش آیا۔
درخت گرنے کی دوسری واردات سبرامنیا - دھرمستھلا ریاستی ہائی وے پر بھی پیش آئی ہے جہاں ایک درخت ٹیمپو ٹراویلر پر گرا جس سے ٹیمپو کے علاوہ اس میں موجود مسافروں کو بھی معمولی نقصان پہنچا ہے۔
عوام کا کہنا ہے کہ اس ہائی وے کے کنارے پر واقع درخت گر جاتے ہیں اور یہاں بہت ہی زیادہ کمزور اور گرنے کی حالت میں درخت موجود ہیں ۔ لیکن محکمہ جنگلات قانون کا لنگڑا بہانہ بنا کر ان درختوں کو کاٹنے سے گریز کر رہی ہے جس کی وجہ سے اکثر یہاں گاڑیوں پر درخت گرنے کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں ۔